ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دبئی: امارات سے ہندوستانیوں کو واپس لانے کے لئے انڈین ایمبیسی نے شروع کیا ای رجسٹریشن۔ کرناٹکا والوں کے لئے دستیاب ہے خصوصی ہیلپ لائن

دبئی: امارات سے ہندوستانیوں کو واپس لانے کے لئے انڈین ایمبیسی نے شروع کیا ای رجسٹریشن۔ کرناٹکا والوں کے لئے دستیاب ہے خصوصی ہیلپ لائن

Fri, 01 May 2020 11:02:16    S.O. News Service

دبئی،یکم مئی (ایس اونیوز)کورونا وباء کے پس منظر میں متحدہ عرب امارات میں پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کو واپس لانے کے لئے انڈین ایمبیسی نے ای رجسٹریشن کی کارروائی شروع کردی ہے کیونکہ اطلاعات کے مطابق یو ای اے نے ہندوستانی حکومت سے درخواست کی تھی کہ وہ اپنے باشندوں کو واپس لے جانے کا انتظام کرے۔

انڈین مشن کی طرف سے اس کے ویب سائٹ پر ای رجسٹریشن کی سہولت بدھ کی  رات سے شروع کی گئی ہے۔جہاں مختلف اسباب سے ہندوستان واپس لوٹنے کے خواہشمند افراد کو اپنی تفصیلات درج کروانی ہوگی۔

ابوظہبی میں واقع ہندوستانی سفارت خانے کی طرف سے ٹویٹ کرکے کہا گیا ہے کہ”یواے ای میں موجود تمام ہندوستانیوں کومطلع کیا جاتا ہے کہ ہندوستانی سفارت خانہ، ابوظہبی اور کونسلیٹ جنرل دبئی نے ایک فارم اَپ لوڈ کیا ہے تاکہ ہندوستان واپس لوٹنے کے خواہشمند افراد کا ڈیٹا بیس تیار کیا جاسکے۔“ جو لوگ موجودہ کووِڈ 19وباء کے پس منظر میں ہندوستان واپس لوٹنا چاہتے ہیں انہیں ایمبیسی یا سی جی آئی دبئی کی ویب سائٹ پر جاکراس لِنک پر https://cgidubai.gov.in/covid_register/  ضروری معلومات درج کروانا ہوگا۔یہاں پر دستیاب ایک فارم ایک ہی شخص کے لئے ہوگا۔فیمیلی والوں کے لئے ہر شخص کے لئے الگ الگ فارم بھرتی کرنے ہونگے۔ جبکہ کمپنی ہونے کی صورت میں ہر ملازم کے لئے ایک فارم بھرتی کرنا ہوگا۔فارم بھرنے والے کے لئے لازمی ہوگا کہ اپنی ذاتی تفصیلات کے علاوہ ہندوستان واپس لوٹنے کے لئے اہم ترین ضرورت کیا پیش آئی ہے اور کووِڈ 19کے متعلق اس شخص کی پوزیشن کیا ہے یعنی جانچ ہوئی ہے یانہیں۔ اگر ہوئی ہے تو اس کی رپورٹ کیا نکلی ہے، درج کرنا ہوگا۔

ابوظہبی مشن نے واضح کیا ہے کہ یہ رجسٹریشن صرف واپس جانے والوں کا ڈیٹا تیار کرنے کے لئے ہے۔اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ طیارے پر سیٹ خود بخود وکنفرم ہوگئی۔اس ضمن میں اگلا اعلان سفارت خانے کے ویب سائٹ اور سوشیل میڈیا کے ذریعے عام کیے جانے کی بات کہی گئی ہے۔

فارم بھرنے والوں سے کہا گیا ہے کہ آخر میں انہیں یہ دیکھنا چاہیے کہ تھینک یو فور رجسٹرینگ ویتھ آس Thank you for registering with us' کا مسیج آیا ہے یا نہیں۔ اگر یہ مسیج موصول نہیں ہوتا تو پھر دوبارہ فارم بھرنا ہوگا، کیونکہ اس مسیج کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ رجسٹریشن کی کارروائی مکمل ہوگئی ہے۔

یا د رہے کہ یو اے ای میں ہزاروں ہندوستانیوں نے اپنی حکومت سے درخواست کی تھی کہ ان کے لئے ملک میں واپس لوٹنے کی سہولت فراہم کی جائے۔ ان میں حاملہ خواتین، بے روزگار افراد، ویزٹ ویزا کی میعاد ختم ہونے والے، بڑی عمر کے مریض وغیرہ شامل ہیں جو لاک ڈاؤن کی وجہ سے وہاں پھنس گئے ہیں۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کیرالہ کی حکومت نے اپنے شہریوں کو واپس بلانے کے لئے رجسٹریشن کی جو کارروائی گزشتہ  اتوار کی رات کو شروع کی تھی اس پر اب تک 3,20,000سے زائدکیرالہ کے شہریوں نےregisternorkaroots.org پرواپسی کے لئے فارم بھردئے ہیں، جس میں بڑی تعداد یو ا ے ای میں رہنے والوں کی ہے۔

کنڑیگاس کے لئے خصوصی ہیلپ لائن نمبر: اب جبکہ متحدہ عرب امارات سے ہندوستانیو ں کو واپس لانے کے لئے رجسٹریشن کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، تو ’کنڑیگاس‘ یعنی کرناٹکا کے رہنے والے باشندوں کے لئے سماجی خدمت گاروں نے خصوصی ہیلپ لائن کی سہولت دینے کا اعلان کیا ہے۔ ہیلپ لائن کے منتظمین کے مطابق ہندوستان کی مرکزی حکومت کے رہنما اصولوں کے مطابق یواے ای کا ہندوستانی سفارت خانہ طبی ضرورت،بڑی عمر کے افراد اور حاملہ خواتین کو ترجیحی بنیادوں پر واپس بھیجنا شروع کرے گا۔سفارت خانے کے ویب سائٹ پر جاکر جن لوگوں کو فارم بھرنے میں دشواری ہوتی ہے وہ لوگ اپنی تفصیلات اس لنک http://Uaekannadahelpline.club  پر اپ لوڈ کریں یا پھر Kannadigashelpline@gmail.com  پر ای میل کریں۔ کنڑیگا ہیلپ لائن کلب کی طرف سے یہ تفصیلات متعلقہ محکمہ تک پہنچائی جائیں گی۔


Share: